ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت مسلسل کم ہورہی ہے جس کے بعد لوگوں میں سونا خریدنے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق متحدہ امارات کی گولڈ مارکیٹ میں مسلسل 4 ہفتوں سے سونے کے نرخ کم ہو رہے ہیں، مختلف قیراط کے ایک گرام سونے میں 15.25 درہم تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں شوروم مالکان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے لیکن سب جگہ اور ہر روز یکساں نہیں ہے۔
مقامی شہری، مقیم غیر ملکی اور سیاح زیورات کی خریداری اپنے مقاصد کے تحت کر رہے ہیں، سب سے کم سونا مقیم غیر ملکیوں نے خریدا تاہم سیاح زیورات کی سب سے زیادہ خریدار ی کر رہے ہیں۔
امارات میں کانفرنسوں اور نمائشوں مں شرکت کے لیے آنے والے سونے کے نئے سیٹ خریدنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں، اپنے گھر والوں کے لیے سونے کے زیورات تحفے کے طور پر لے کر جا رہے ہیں۔
ایک شوروم کے مینیجر نے بتایا کہ سونے کے نرخوں میں مسلسل کمی صارفین کو زیورات خریدنے کی ترغیب دے رہی ہے، امید ہے آئندہ سونے کی طلب میں اضافہ ہوگا۔
24 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 220 درہم ہو گئی ہے، گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں ایک درہم کی کمی واقع ہوئی ہے۔
22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 203.75 درہم، 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 197.25 درہم اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت 169 درہم ہے۔