کراچی: ڈیفنس بحریہ سگنل پر ڈکیتی کرنے والے لٹیروں کو پولیس نے گولیاں مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے، لٹیروں نے دن دہاڑے سڑک پر گاڑی کو روک کر لوٹ مار کی تھی، زخمیوں کی عبرت ناک تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں دن دہاڑے ڈکیتی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں اسٹریٹ کرمنلز کو رات گئے ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ساتھی سمیت گرفتار لٹیرے کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی، لٹیروں کو سول لائنز پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پکڑا، گولیاں لگنے سے دونوں ڈکیت زخمی ہو گئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وائرل فوٹیج میں گرفتار لٹیرے کو سڑک پر کاریں روک کر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گرفتار لٹیروں کی شناخت ذیشان اور سعید کے نام سے ہوئی ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، یہ لٹیرے سلطان آباد کے رہائشی ہیں۔
لٹیروں کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فون، پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، دونوں ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور ضمانت پر ہیں، پولیس کی حراست میں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
متاثرہ شہری نے مقدمہ درج کرا دیا
خیابان بحریہ اور شاہین سگنل کے درمیان لوٹ مار کی واردات پر متاثرہ شہری فیضان کی جانب سے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق لوٹ مار کی یہ واردات گزشتہ روز صبح 11 بجے کی گئی۔
مدعی نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی میں شاہین بحریہ سگنل پر پہنچا، ایک موٹر سائیکل پر شلوار قمیض پہنے دو افراد آئے اور پستول نکال لیا، مجھے کہا جو بھی ہے ہمارے حوالے کر دو ورنہ گولی مار دیں گے۔
فیضان نے رپورٹ میں لکھوایا ’’میں گھبرا گیا اور اسے موبائل فون، دو گھڑیاں جن میں سے ایک ارمانی دوسری ٹیسوٹ کمپنی کی تھی، ان کے حوالے کر دیں، ملزمان کو پرس بھی دیا جس میں 12 ہزار سے زائد کیش اور اہم دستاویزات موجود تھیں۔‘‘