ہفتہ, ستمبر 21, 2024
اشتہار

’زلمے خلیل زار کے ٹوئٹ سے ثابت ہوا عمران خان فارن ایجنٹ ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا نمائندہ زلمے خلیل زاد عمران خان کے حق میں ٹوئٹ کر رہا ہے جس سے ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا کہ وہ ایک غیر ملکی ایجنٹ ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عمران خان کی مرضی سے ہو رہا ہے، جو ایجنڈا پاکستان میں شروع کیا گیا ہے اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان نے پوری پارٹی کو ریاست کے سامنے لا کھڑا کیا ہے، صورتحال بہت نازک ہے اس لیے ریاست اپنی رٹ قائم کرنے کیلیے وسائل بروئے کار لائے۔

- Advertisement -

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری نہیں ہونی چاہیے، کیا عمران خان دور میں لوگوں کی گرفتاریاں نہیں ہوئیں؟ یہ کیا طریقہ ہے کہ خود گھر میں چھپ کر بیٹھا ہے اور کارکنوں کو آگے کر دیا، عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ بدحواس اور بزدل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شروع دن سے کہہ رہا ہوں عمران خان کا سیاست میں کوئی کردار نہیں، وہ کون لوگ ہیں جو زمان پارک پر موجود ہیں اور باقاعدہ تربیت یافتہ ہیں، ایسے لوگوں کو گرفتار کر کے محرکات سامنے آنے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کہا جا رہا ہے کہ الیکشن کرائے جائیں، ہم بھی الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے کہ عمران خان کیوں بھاگتے رہے؟ عجب بات ہے دو صوبوں میں الگ مردم شماری پر باقی ملک میں الگ مردم شماری پر الیکشن ہوں گے، سوچنا ہوگا کہ ریاست اول ہے یا عمران خان؟

افغانستان کیلیے امریکا کے سابق نمائندے زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے سے پاکستان میں جاری بحران مزید سنگین ہوجائے گا، پاکستان کو اس وقت تہرے بحران کا سامنا ہے جن میں سیاسی،معاشی اور سکیورٹی بحران شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں