لاہور: افغانستان انڈرنائنٹین ٹیم نے پاکستان انڈر نائنٹین کو یکطرفہ مقابلے بعد دس وکٹوں سے شکست دے دی۔ تین میچز کی سیریز میں افغانستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان انڈر نائن ٹین ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث قومی جونیئر ٹیم کی اننگز کو تینتس اوورز تک محدود کردیا۔
قومی انڈر نائن ٹین ٹیم مقررہ اوورز کھیلے بغیر ایک سو اکتیس رنز پر ڈھیر ہوگئی، بارش کی مداخلت کے سبب اٖفغانستان انڈر نائنٹین ٹیم کو جیت کیلئے بائیس اوورز میں ایک سو دو رنز کا ہدف ملا۔ اوپنرز نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے ہدف بغیر کسی نقصان کے سولہویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔