نوری جام تماچی کے مزار کے احاطے سے ملنے والی پانچ لاشوں کا معمہ حل ہونے لگا۔
کینجھرجھیل کے ٹاپو پر واقع نوری جام تماچی کے مزار پر پانچ افراد کی ہلاکت کی گتھی سلجھنے لگی لیکن بہت سے سوالات کے جواب ملنا ابھی باقی ہیں، پولیس کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والے کیپٹن بلال نے کچھ روز پہلے اپنے بھانجے کو ایک ایس ایم ایس کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ بہت جلد دنیا چھوڑنے والے ہیں۔
کینجھرجھیل سے قتل کے شواہد تلاش کرنے کیلئے پولیس نے پاک بحریہ کےغوطہ خوروں سے بھی مدد حاصل کرلی ہے، فرانزک انویسٹی گیشن ٹیم نے بھی کینجھر جھیل پہنچ کر تفتیش کا آغاز کر دیا، ہفتے کی رات پانچ افراد نوری جام تماچی کے مزار سے مردہ حالت میں پائے گئے، جنہیں سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، لیکن جائے وقوع سے گولیوں کے خول نہیں ملے تھے۔
پانچوں افراد کے قتل کا پتہ اس وقت چلا، جب ملاح پانچوں افراد کو لینے کیلئےمزار پہنچا، ورثا کے مطابق ہلاک ہونے والے علی ریاض کی چند روز پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور تمام افراد ایک ساتھ ہی کینجھر جھیل گئے تھے۔