لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک پر نیا بلٹ پروف گیٹ پہنچا دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق زمان پارک میں پہلا گیٹ پولیس آپریشن کے دوران کرین کے ذریعے توڑ دیا گیا تھا، نئے گیٹ کی چوڑائی 16 فٹ اور لمبائی دس فٹ، موٹائی ڈیڑھ انچ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نیا گیٹ بلٹ پروف شیٹ، اسٹیل اور لوہے کو استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے جبکہ اس کی مالیت تقریباً 12 سے 15 لاکھ روپے ہے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو عمران خان کے خلاف غیرقانونی اقدام سے روک دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی رہائشگاہ پر چڑھائی کے معاملے کو 2 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کیا جارہا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار سے پوری طرح قانون کے تحت برتاؤ کیا جائے اور کسی بھی صورت میں ہراساں نہ کیا جائے۔