اسلام آباد : توہین پارلیمنٹ بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل کی منظوری سے توہین پارلیمنٹ کرنے والوں کو2 سے 6 سال تک سزا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آ ج ہوگا ، اجلاس کا 42 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
توہین پارلیمنٹ بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور قومی اسمبلی آج ہی بل منظور کرے گی ، بل کی منظوری سے توہین پارلیمنٹ کرنےوالوں کوسزا دی جا سکے گی۔
بل کے تحت 2 سے 6سال تک سزا اور10لاکھ روپےجرمانہ عائد ہوگا اور قانون کا اطلاق حکومتی اور ریاستی عہدیداروں سمیت ہر شخص پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی توہین پرکسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جاسکے گا۔
بل کے تحت توہین پارلیمنٹ پر مختلف تجاویز کے مطابق 24 رکنی پارلیمانی کنٹمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 50، 50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا۔
کنٹمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی ، جس کے بعد اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔
توہین پارلیمنٹ کا مسودہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ میں رائج قوانین کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔