پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے انہیں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے انہیں انسداد دہشتگردی اسکواڈ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز نے گرفتار کیا تھا۔ ان کی گرفتاری نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں عمل میں لائی گئی تھی اور گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین کو نیب راولپنڈی آفس منتقل کر دیا گیا تھا۔
بعد ازاں آج صبح انہیں پولیس لائن ہیڈ کوارٹر منتقل کرکے اس جگہ کو سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف کچھ دیر میں القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیسوں کی سماعت شروع ہوگی۔
پولیس لائن میں میڈیا سمیت تمام غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے اور پولیس لائن کے مرکزی دروازے کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات جب کہ وہاں آنے والے راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔