پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی کا پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے وہ آج شام 5 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عامر کیانی کے پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے۔ وہ آج شام پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
عامر کیانی کے پی ٹی آئی چھوڑنے کی تصدیق ان کے قریبی ساتھیوں نے کر دی ہے جب کہ ان کے ہمراہ مزید لوگ بھی پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔
اس حوالے سے عامر کیانی نے پارٹی چھوڑنے کی تصدیق کر دی ہے اور اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پارٹی ہی نہیں سیاست بھی چھوڑ رہا ہوں۔ یہ فیصلہ دو ماہ پہلے کرلیا تھا اعلان آج کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی مولوی محمود نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ میں فوج کیخلاف نہ گیا ہوں نہ جاؤں گا، سیاسی جماعتیں بدلی جاسکتی ہیں مگر ہم فوج کو نہیں بدل سکتے۔
گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی پی ٹی آئی چھوڑنے کی افواہیں گردش کی تھیں جس کی تردید خود علی زیدی نے کر دی تھی۔