لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
پریس کانفرنس میں ابرار الحق نے کہا کہ شہدا نے اپنے وطن کیلیے جانوں کو قربان کیا، میں اپنے اداروں میں شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم دے رہا ہوں، لوگوں کو توڑ پھوڑ کرنے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے سے روکنے کی کوشش کی، شہدا کی یادگاروں پر جو واقعات ہوئے اس کی شدید تکلیف ہے، ایسے رویے کے ساتھ ہم آگے بڑھتے رہے تو پھر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ابرار الحق نے کہا کہ بچپن سے ہی ہمارے گھرانے کا فوج اور شہدا کے ساتھ تعلق رہا، پاکستان کیلیے ہماری محبت ہمیشہ سے رہی ہے، ہمارے اسپتال اور تعلیمی اداروں میں شہدا کے ورثا کیلیے نشستیں مخصوص ہیں۔
معروف گلوکار نے کہا کہ سیاست میں آنے کا مقصد عہدہ یا پیسہ کمانا نہیں تھا، سیاست میں آنے کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا تھا، 9 مئی کے بدقسمت دن پر جو واقعات رونما ہوئے درست نہیں تھے، جو سیاسی رویے آج نظر آ رہے ہیں ان میں سیاست کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل ورک میرے قریب ہے جس کیلیے سیاست بھی چھوڑی جا سکتی ہے، ہمیں پاکستان کیلیے بہت کچھ کرنا ہے ہم کر سکتے ہیں، سول اور ملٹری تعلقات ماں باپ کی طرح ہوتے ہیں، سول ملٹری خوشگوار تعلقات کا اثر سب کے سامنے ہوتا ہے۔