امریکا نے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے قرض کی حد بڑھانے کے لیے قانون سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ختم ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاشی ماہرین کی جانب سے گزشتہ دنوں امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا جو کہ اب ختم ہوگیا ہے اور ممکنہ دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے امریکی پارلیمنٹ میں قرض کی حد بڑھانے کے لیے قانون سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایوان نمائندگان میں قرض کی حد بٖڑھانے اور بجٹ کٹوتیوں کا پیکیج منظور کر لیا گیا ہے۔ اس بل کی ووٹنگ کے دوران 314 ارکان نے بل کی حمایت جب کہ 117 نے مخالفت کی۔
بل کے حق میں 149 ری پبلیکنز اور 165 ڈیموکریٹس ارکان نے ووٹ دیے۔ یہ بل ڈیموکریٹس اکثریتی سینیٹ سے آج منظوری کے بعد صدر بائیڈن کو بھیجا جائے گا۔
صدر بائیڈن کے دستخط کے بعد یہ بل قانون بن کر نافذ العمل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے کانگریس کے رہنماؤں کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر وائٹ ہاؤس اور کانگریس قومی قرضوں کی حد بڑھانے پر متفق نہیں ہوتے ہیں تو امریکا یکم جون سے پہلے بھی اپنے قرضوں کی وجہ سے ڈیفالٹ کرسکتا ہے۔