ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

معروف اداکار جمیل فخری کی برسی

اشتہار

حیرت انگیز

جمیل فخری کو پولیس کی وردی میں جعفر حسین کے نام سے کردار نبھاتے ہوئے دیکھنے والے کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی لازوال سیریز ’اندھیرا اجالا‘ کا یہ مقبول کردار ہمارے ذہنوں پر نقش ہے۔ جمیل فخری 9 جون 2011ء کو انتقال کرگئے تھے۔

ستّر کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کرنے والے جمیل فخری کو اطہر شاہ خان نے ’اندر آنا منع ہے‘ نامی اسٹیج ڈرامے میں متعارف کرایا تھا جس کے بعد انھوں نے اسٹیج اور پھر ٹی وی پر متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تاہم ان کی ملک گیر وجہِ شہرت پولیس انسپکٹر کا کردار تھا اور اسی روپ میں جمیل فخری نے مداحوں کے دلوں میں مقام بنایا۔

- Advertisement -

یہ اس دور کی بات ہے جب چھوٹی اسکرین پاکستان بھر میں ناظرین کی تفریح کا واحد ذریعہ ہوتی تھی اور اندھیرا اجالا سماجی مسائل اور جرم و سزا پر ایک ایسی ڈرامہ تھا جو نشر ہوتا تو گویا ہر سڑک اور ہر گلی سنسان ہوجاتی۔ ناظرین ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھ جاتے تھے۔ اس ڈرامے کے دیگر مرکزی کرداروں میں‌ منجھے ہوئے اداکار قوی خان اور عرفان کھوسٹ شامل تھے۔

پولیس انسپکٹر کے روپ میں جمیل فخری کا مخصوص لہجہ اس قدر مقبول تھا کہ لوگ ان کے انداز کی نقل کرتے اور ان کے ادا کردہ مکالمے بھی سب کی زبان پر ہوتے تھے۔

جمیل فخری نے تیس سے زائد پاکستانی فلموں میں کام کیا۔ اگرچہ ان میں کوئی مرکزی کردار شامل نہیں ہے، لیکن انھوں نے اپنے ہر کردار کو بخوبی نبھایا اور اس کا گہرا تأثر فلم بینوں پر چھوڑا۔ اداکار جمیل فخری نے کئی اسٹیج شوز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، لیکن پھر خود کو پی ٹی وی کے ڈراموں تک محدود کرلیا۔

دلدل، تانے بانے، وارث، بندھن، ایک محبت سو افسانے وہ ڈرامے تھے جن میں جمیل فخری نے بے مثال اداکاری کی۔

اداکار جمیل فخری ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ ان کی وفات سے چند ماہ قبل امریکا میں ان کے بڑے بیٹے کو قتل کردیا گیا تھا جس کا انھیں شدید صدمہ پہنچا تھا۔ وہ اپنے بیٹے کی الم ناک موت کے بعد زیادہ تر خاموش رہنے لگے تھے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے اس معروف اداکار کو لاہور کے ایک قبرستان میں‌ سپردِ خاک کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں