محکمہ موسمیات نے آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مغربی ہواؤں کا بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث گزشتہ روز اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش ہوئی جب کہ کوہلو، دکی، بارکھان، قلات، چمن میں بھی بادل برسے، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، بونیرم شانگلہ اور آزاد کشمیر میں بھی قدرت مہربان ہوئی جب کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی۔
کوہلومیں موسلا دھار بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے سے ماوند، لاسے زئی، تمبو میں ایک درجن کے قریب پول گر گئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب ملک میں شدید گرمی کی لہر بھی جاری ہے اور گزشتہ روز دالبندین گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ نوکنڈی میں 48، سبی 46، بنوں 44، پشاور 43، لاہور، بہاولپور اور نوابشاہ میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی نے لوگوں کا برا حال کر دیا اس پر غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی اذیت میں مزید اضافہ کیا۔
ٹانک کی ایف آر جنڈولہ کڑی وام کی مقامی مارکیٹ میں ہیٹ اسٹروک سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی، ریسکیو ٹیم اطلاع پر فوری طور پر وہاں پہنچ گئی اور متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔