وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف بالکل پاکستان واپس آئیں گے۔
نارووال میں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات سازش کے تحت قائم کیے گئے، انہیں انصاف دلانے کیلیے قانونی ٹیم کام کر رہی ہیں۔
عام انتخابات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں اپنے وقت پر انتخابات ہوں گے جس میں قوم مسلم لیگ (ن) کو 2013 والی کامیابی دے گی، اگلے الیکشن میں قوم مسلم لیگ (ن) کو بھرپور مینڈیٹ دے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں سازش کے ذریعے ترقی کے سفر کو روکا گیا، قوم پر نفرت کی سیاست کے بادل بچھا دیے گئے تھے، آج ملک قرضوں کے اندر دھنسا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف کی شرائط کو ماننا پڑ رہا ہے لیکن ایک ایک کر کے ہم معاشی بارودی سرنگوں کو صاف کر رہے ہیں۔
دو روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی وطن واپسی کیلیے قانونی ٹیم تشکیل دی جس کی سربراہی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کریں گے جبکہ معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ، عرفان قادر اور قانونی مشیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
قانونی ٹیم میں نواز شریف کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز و دیگر وکلا بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نواز شریف کے عدالتوں میں جاری کیسز کی پیروی کو تیز کرے گی جبکہ سابق وزیر اعظم کی نااہلی اور کیسز کے خاتمے کیلیے کام کو تیز کیا جائے گا۔ ٹیم ان کی وطن واپسی میں رکاوٹوں کے خاتمے کیلیے کردار ادا کرے گی۔