راولپنڈی: میرانشاہ خودکش حملے میں شہید ہونے والے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عبداللہ شاہ، نائیک صوبیدار صاحب خان کی نماز جنازہ کوہاٹ اور میانوالی میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ نائیک محمد ابراہیم، سپاہی جہانگیر خان کی نماز جنازہ ڈی آئی خان اور مردان میں ادا کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ میں حاضر، ریٹائرڈ افسران، جوانوں اور اہلخانہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، یہ قربانیاں پرامن پاکستان کے لیے ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میرانشاہ میں خودکش بمبار فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ خودکش دھماکے میں تین شہری بھی شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، ڈیوٹی پر مامور جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے بڑے سانحے سے بچالیا۔