لاہور: الیکشن سے قبل پیپلزپارٹی کو پنجاب میں ناکامی کا سامنا ہے، پی پی قیادت نے پنجاب سے بڑی سیاسی وکٹ نہ ملنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق عام انتخابات میں بڑی سیاسی قیادت نہ ملنے پر پیپلزپارٹی قیادت نے برہمی کا اظہار کیا ہے اس کے علاوہ پنجاب کے پارٹی عہدیداران سے جواب طلبی پر بھی غور کرنا شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی پی قیادت نے سیاسی جماعتوں کے عہدیداران کی شمولیت کو ناکافی قرار دیا ہے، پی پی قیادت کو وسطی اور جنوبی پنجاب سے بڑی وکٹیں ملنے کی امید تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی قیادت کو گوجرانوالہ ڈویژن، گجرات، اوکاڑہ سے بڑی وکٹوں کی امید تھی، پی پی قیادت کو پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کی شمولیت کی امید تھی لیکن پی ٹی آئی چھوڑنے والے تمام بڑے نام آئی پی پی میں شامل ہو گئے ہیں۔
پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے بڑی شخصیات کی عدم شمولیت پارٹی مقبولیت پر سوالیہ نشان ہے، حکومتی کارکردگی کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹس تقسیم میں مشکلات ہونگی۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کی قیادت گزشتہ روز آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے دورے میں بھی مطلوبہ نتایج دینے میں ناکام رہے ہیں، پی پی قیادت نے بڑے ناموں کی امید لیکر لاہور میں ڈیرے ڈالے تھے جو کہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔
پیپلزپارٹی قیادت کے گزشتہ دورہ لاہور پر 21 جون کو جلسہ ہونا تھا، پنجاب سے بڑی کامیابی نہ ملنے پر جلسہ منسوخ کرنا پڑا تھا، آصف زرداری کے حالیہ دورہ لاہور سے پیپلزپارٹی پنجاب لاعلم تھی۔