اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نےغیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائرکردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نےوکیل شیر افضل مروت کےذریعے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شہری محمدحنیف کی جانب سےچیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کیخلاف بے بنیادالزامات لگائے گئے، پرائیویٹ کمپلینٹ میں لگائے گئےالزامات دفعہ 496 کےزمرے میں نہیں آتے۔
درخواست میں کہا گیا کہ کمپلینٹ کا مقصدچیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عزت پر کیچڑ اچھالنا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کیخلاف کمپلینٹ قابل سماعت نہیں ہے۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کیخلاف پرائیویٹ کمپلینٹ کوکالعدم قرار دے اورکمپلینٹ کے قابل سماعت ہونے سےمتعلق سول جج کے فیصلے کوبھی کالعدم قرار دیا جائے۔
گذشتہ روز مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بیکو نوٹسزز جاری کردیئے تھے۔