کیک سالگرہ تقریب کا لازمی جز تو دوستوں کو بطور تحفہ اور مہمانوں کی تواضع کے لیے استعمال کیا جاتا ہے گھر میں مزیدار کولڈ کیک بنانا ہے تو یہ ترکیب کارآمد رہے گی۔
کیک سالگرہ کی تقریبات کا لازمی حصہ ہے جب کہ یہ دوستوں اور عزیز واقارب کو تحفے کے طور پر بھی بھیجا جاتا ہے۔ گھر میں اچانک مہمان آجائیں تو ان کی تواضع کے لیے بازار سے کیک منگایا جاتا ہے تاہم اب گھروں میں کیک بنانے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے اور روز افزوں بلند ہوتی مہنگائی سے یہ رجحان مزید تقویت پا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مقبول مارننگ شو ’’باخبر سویرا‘‘ میں معروف شیف ثمرین جنید نے شرکت کی اور مزیدار کیک بنانے کی تراکیب بتائیں ان میں سے ایک کولڈ کیک کی ترکیب بھی بتائی جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بنیادی طور پر کیک نہیں اس کا متبادل ہے لیکن دیکھنے میں بالکل کیک جیسا اور کھانے میں بے حد مزیدار ہوگا۔ بازار میں جو کیک عموماً 1500 تک ملے گا وہ آپ گھر میں صرف 500 روپے تک میں بنا لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کو بنانے میں خاص بات یہ ہے کہ اس میں اوون یعنی بجلی اور گیس کا استعمال نہیں یوں یہ جیب پر بہت زیادہ بھاری بھی نہیں پڑے گا کیونکہ آج کل ہمارے ملک میں بجلی اور گیس کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔
ثمرین جاوید نے کیک کی ترکیب بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے سادہ بسکٹ اپنی فیملی کے حساب سے لے لیں اور انہیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں۔ آدھا لیٹر دودھ لیں اسے ابالنے کے دوران تین چمچے کوکو پاؤڈر اور چینی حسب ذائقہ اور تھوڑا سا ونیلا ایسنس شامل کریں۔ اگر زیادہ اچھا فلیور چاہیے تو اس میں کنڈینسڈ ملک بھی شامل کرلیں اور اتنا پکائیں کہ یہ تھوڑا گاڑھا ہو جائے۔
شیف نے بتایا کہ اب آدھا چمچہ جیلاٹن پاؤڈر گرم پانی میں گھول لیں۔ اس کو دودھ کے محلول میں ڈال لیں اور بسکٹ جو توڑے ہیں اس پر محلول کے ساتھ لیئرنگ کرتی جائیں۔ آخر ٹاپ لیئرنگ آپ حسب منشا کریم کی کریں یا چاکلیٹ اور مکھن کو پگھلا کر کریں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کو کولڈ کیک بنانے کے لیے بغیر جلیٹن والا دودھ کا مکسچر بسکٹ کے ٹکڑوں میں ڈالیں انہیں اچھی طرح مکس کریں اور پھر کسی شاپر میں اچھی طریقے سے رول کرنے کے بعد مکمل پیک کرکے آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد نکال حسب ذائقہ ٹاپنگ کرکے ٹھنڈے کیک سے لطف اٹھائیں۔