سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں عالمی ریکارڈ بنا ڈالا اور کیریئر میں ابتدائی 7 ٹیسٹ میچز میں نصف سنچری بنانے والے واحد بلے باز بن گئے۔
پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل جو اپنے کیریئر کا ساتواں ٹیسٹ میچ کولمبو میں سری لنکا کے خلاف کھیل رہے ہیں جب آج دوسرے سیشن میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کی تو اس کے ساتھ ہی انہوں نے تاریخ رقم کر دی اور ٹیسٹ کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں ابتدائی سات ٹیسٹ میچوں میں نصف سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔
اس سے قبل سنیل گواسکر، سعید احمد، برٹ سٹکلیف اور باسل بچر نے اپنے ابتدائی 6 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
سعود شکیل 57 رنز بنا کر فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے لیکن پویلین لوٹنے سے قبل وہ اپنا نام تاریخ میں رقم کرا گئے ہیں۔
اس سے قبل گال ٹیسٹ میں انہوں نے ڈبل سنچری اسکور کر کے نہ صرف سری لنکا کی سر زمین پر بڑی اننگ کھیلنے کا سابق قومی کپتان محمد حفیظ کا ریکارڈ توڑا تھا بلکہ پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی بنے تھے۔
سعود شکیل اب تک 7 ٹیسٹ میچز میں 875 رنز اسکور کر چکے ہیں۔