پشاور : سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما مراد سعید کے والد عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں مراد سعید کے والد سعیداللہ کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
اس موقع پر جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سعیداللہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا اور بعد ازاں تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، عدالت نے اے اے جی سے ریکارڈ طلب کرلیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے پاس2 لاکھ روپے کے بانڈ جمع کرائیں،5 اگست کو جاری کردہ تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ملزم پر امن وامان خراب اور اشتعال انگیز تقاریر کا الزام تھا، جو الزمات لگائے گئے ریکارڈ سے ایسی کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی۔
تحریری فیصلہ کے مطابق بغیر کسی ثبوت کے کسی بھی شہری کی آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا،بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے درخواست گزار کو قید میں رکھنا کسی صورت جائز نہیں، لہٰذا 5 اگست کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے والد محمد سعید کو 5 اگست کو گرفتار کیا تھا، پولیس کے مطابق محمد سعید چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف لوگوں کو ورغلا رہے تھے، ملزم کو گھر پر چھاپہ مار کر3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ۔