کراچی : وائٹ کرولا ڈکیت گینگ کے ہاتھوں عمرہ سے آنیوالے شہریوں کے لٹنے کی ویڈیو سامنے آگئی، ملزمان نے تلاشی کے بہانے فیملی سے تمام کرنسی لوٹ لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وائٹ کرولا ڈکیت گینگ کے ہاتھوں عمرہ سے آنیوالے شہریوں سے لوٹ مار کے واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔
ڈکیتی کاواقعہ گزشتہ روز لیاقت آباد 3 نمبر پر پیش آیا تھا ، ہائی روف میں سوار فیملی گھر پرآکر رکی تو وائٹ کرولا کار میں ملزمان بھی پہنچ گئے۔
فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے ملزمان کار سے پولیس وردیوں میں اترے ، ملزمان پولیس اہلکار بن کر شہریوں کا پاسپورٹ چیک کرنے لگے ، ملزمان نے تلاشی کے بہانے فیملی سے تمام کرنسی لوٹ لی۔
کرنسی میں 2200 سعودی ریال،5 آسٹریلین ڈالر،10 درہم اور 5 ہزار پاکستانی شامل تھے ، ملزمان شہری کی اہلیہ سے ملکی اور غیر ملکی نقدی لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ سپر مارکیٹ تھانے میں درج ہے ، فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔