کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر ہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی بلدیات وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کے درمیان گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشن سے امن وامان کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا،اور مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور تمام سیاسی اکائیوں میں بھی امن وامان کی صورتحال پر اتفاق موجود ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا ۔
گورنر نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا حب ہے ، جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو سہولتیں پہنچائی جائیں۔