کراچی: سندھ کی 10 رکنی نگراں کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں خصوصی تقریب میں گورنر کامران ٹیسوری نے نگراں وزرا سے حلف لیا، چیف سیکریٹری سندھ نے 10 رکنی کابینہ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ داخلہ اور اطلاعات کے محکمے بریگیڈیر (ر) حارث نواز کے پاس ہوں گے، ایشور لعل محکمہ ایری گیشن، ورکس اینڈ سروسز اور ایکسائز کے وزیر ہوں گے۔
مبین جمانی کو بلدیات اور پبلک ہیلتھ، یونس ڈاگھا کو صنعت اور محنت کے محکمے دیے جائیں گے۔
ڈاکٹر سعد نیاز صحت اور بہبود آبادی کے وزیر ہوں گے، ڈاکٹر رعنا حسین، ایجوکیشن، یونیورسٹی اینڈ تعلیمی بورڈ اور خدا بخش مری توانائی اور معدنیات کے وزیر ہوں گے۔
قانون اور امور نوجوانان کے قلمدان عمر سومرو کو سونپے جائیں گے جبکہ ڈاکٹر جنید شاہ اور ارشد ولی محمد نے بھی نگراں وزیر کا حلف اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، کوشش ہے کہ کابینہ میں کم سے کم لوگ ہوں، قانون اور آئین کی بالادستی ہوگی تو خود بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، میں ان کے نام میں مداخلت نہیں کرسکتا، ہمارا کام الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنوں گا، احتساب ہونا چاہیے لیکن نیک نیت سے ہونا چاہیے۔