کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے کہا ہے کہ بھارت اور انڈیا کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے، ان سازشیوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی پہلی سالگرہ کے انعقاد کے موقع پر کانگریس نے نریندر مودی حکومت کو بھارت اور انڈیا نام کے تنازع پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
کانگریسی لیڈر کا کہنا تھا کہ ’ بھارت جوڑو یاترا کے ایک سال مکمل ہو چکے ہیں، بھارت اگر جڑا ہوا ہے تو کس کو اس میں کیا پریشانی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ کن طاقتوں کو جڑا ہوا بھارت پسند نہیں ہے۔ یہ لوگو اب بھارت کو انڈیا سے لڑا رہے ہیں۔ سونا ہو یا گولڈ، ہندی میں بولو یا انگریزی میں، چیز کی قیمت نہیں بدلے گی۔
عوام ان لوگوں کو اچھی طرح پہچان گئے ہیں جو بھارت کو انڈیا سے لڑانے کے خواہشمند ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ایسی طاقتوں کو پہچان کر انھیں بے نقاب کریں۔
پون کھیڑا نے مزید کہا کہ آج تاریخی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی پہلی سالگرہ پر میں لاکھوں بے خوف ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ یاترا 145 دن اور 4 ہزار کلومیٹر تک چلی ہے۔ اس یاترا کے ذریعہ بھارت کو جوڑا گیا، دلوں کو جوڑا گیا۔
کانگریسی رہنما کے مطابق راہول گاندھی کے لیے، ملک کے لیے یہ یاترا ختم نہیں ہوئی ہے۔ یاترا اپنی مستقل مزاجی کے لیے جانی جائے گی۔