آئی سی سی ورلڈ کپ آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہو رہا ہے تاہم میگا ایونٹ میں نسیم شاہ کی شرکت سے معتلق قومی کپتان بابر اعظم نے شکوک کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولنگ اٹیک شاہین شاہ، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔ اس ٹرائیکا پر مشتمل بولنگ اٹیک نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے بازوں پر دہشت بٹھائی لیکن بدقسمتی سے اس ٹرائیکا کے دو اہم ستون نسیم شاہ اور حارث رؤف ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں ان فٹ ہوگئے جس کا نقصان قومی ٹیم کو ایشیا کپ سے خالی ہاتھ وطن واپسی کی صورت برداشت کرنا پڑا۔
حارث رؤف سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تو نسیم شاہ کاندھے کی انجری کے باعث پورے ایشیا کپ سے ہی باہر ہوگئے۔ اب قومی کپتان بابر اعظم نے نسیم شاہ کے آئندہ ماہ کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں شرکت کے حوالے سے شکوک وشبہات کا اظہار کیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز نسیم شاہ کے بغیر کھیلنے پڑ سکتے ہیں کیونکہ ان کا ورلڈ کپ سے قبل مکمل صحتیاب ہونے کا امکان کم ہے تاہم حارث رؤف ورلڈ کپ سے قبل مکمل طور پر انجری سے نجات حاصل کر لیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ پی سی بی نے دائیں کاندھے کی انجری کا شکار نسیم شاہ کی صحتیابی سے متعلق کوئی ٹائم لائن نہیں دی ہے اور نہ ہی انجری کی نوعیت کی شدت سے آگاہ کیا ہے تاہم فاسٹ بولر اس وقت دبئی میں موجود ہیں اور اپنے دائیں کندھے کے نیچے پٹھوں کی چوٹ کے اسکین سے گزر رہے ہیں یہ انجری انہیں پیر کو بھارت کے خلاف بولنگ کے دوران ہوئی تھی جس کے باعث وہ اپنے اوور بھی مکمل نہ کرسکے جب کہ ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئے اسی میچ میں حارث رؤف سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوکر بولنگ نہ کرسکے اور میچ سے باہر ہوئے جب کہ ٹیم منیجمنٹ نے انہیں ورلڈ کپ کی وجہ سے احتیاطاً آرام کرایا۔
تاہم قومی کپتان بابر اعظم اس حوالے سے شکوک وشبہات کا شکار ہیں اور سری لنکا سے اہم میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ نسیم شاہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں دستیاب نہ ہوں لیکن وہ جلد فٹ ہو کر میگا ایونٹ میں پرفارم کرتے ضرور نظر آئیں گے۔
بابر اعظم نے پاکستان کے دو اہم بولرز کی فٹنس کے اور ان کے بیک اپ کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ میں ابھی پلان بھی نہیں بتاؤں گا مگر حارث رؤف کے حوالے سے پرامید ہوں کہ وہ میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل مکمل فٹ ہوکر ٹیم کا حصہ ہوں گے مگر نسیم شاہ کی صحتیابی میں کتنا وقت لگے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن میرا خیال ہے کہ شاید ابتدائی دو میچوں میں نہ ہوں مگر آگے وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کرے گا جب کہ اگلا مقابلہ اس کا 10 اکتوبر کو سری لنکا سے ہوگا۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔
20 سالہ نسیم کو اپنے کیریئر کے ابتدائی مراحل میں انجری کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ 17 سال کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر میں ایک سال کی کمر کی انجری نے انہیں 14 ماہ تک کرکٹ سے دور رکھا۔ ان کی واپسی کے چھ ہفتے بعد وہ گلوسٹر شائر کے ساتھ کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں اپنے ڈیبیو پر کندھے کی انجری کے باعث ایک ماہ کے لیے باہر ہو گئے تھے۔
نسیم شاہ پاکستانی بولنگ اٹیک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اپنے ون ڈے کیریئر کے آغاز کے بعد سب ٹیم کے سب سے طاقتور بولر مانے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستانی فاسٹ بولرز بالخصوص انجری کا شکار نسیم شاہ اور حارث رؤف کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ چار میچز میں حارث رؤف نے 9 شکار جب کہ نسیم شاہ نے 7 شکار کیے۔