پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سج رہا ہے سابق کرکٹرز کا میلہ گلوبل کرکٹ کپ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جس میں 40 سال سے زائد عمر کے سابق کھلاڑی شریک ہیں۔
اوور 40 گلوبل کپ میں میزبان پاکستان ویٹرنز آج اپنی مہم کا آغاز امریکا کے خلاف میچ سے کرے گا۔ سابق قومی کپتان مصباح الحق قیادت کریں گے جب کہ انہیں سابق ٹیسٹ کرکٹرز بوم بوم شاہد آفریدی، عبدالرزاق، احسن رضا کا ساتھ بھی حاصل ہوگا۔
ایونٹ میں آسٹریلیا، کینیڈا، ویسٹ انڈیز، یو اے ای، نیپال اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی شرکت کر رہی ہیں جو سب کراچی پہنچ چکی ہیں۔
گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز نے پریس کانفرنس میں ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
گلوبل کپ 19 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی کے پانچ مختلف گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 36 میچز ہوں گے، ہر میچ 45 اوورز پر مشتمل ہوگا جب کہ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔