منگل, مارچ 11, 2025
اشتہار

ایشیا کپ میں پاکستان کیوں ناکام رہا؟ عامر سہیل نے اہم وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

سابق کپتان اور اسٹائلش اوپنر عامر سہیل نے حالیہ ایشیا کپ میں پاکستان کی بدترین ناکامی کی اہم وجہ ناقص منصوبہ بندی کو قرار دیا ہے۔

حال میں بھارت کے آٹھویں بار چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان بدترین ناکامی کا شکار ہوا جو ہوم گراؤنڈ پر صرف کمزور نیپال اور بنگلہ دیش پر ہی قابو پا سکا جبکہ اہم میچز میں بھارت اور سری لنکا سے شکست کھا کر فائنل کی دوڑ سے باہر رہا۔

گرین شرٹس کی اس ناکامی پر کئی سابق قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی اپنے اپنے تجزیے پیش کر رہے ہیں جن میں سابق کپتان عامر سہیل بھی شامل ہیں جنہوں نے ایشیا کپ میں پاکستان کی ناکامی کی وجوہات سے پردہ اٹھاتے ہوئے اسے ٹیم اور پی سی بی انتظامیہ کی منصوبہ بندی کی کمی سے جوڑا ہے۔

عامر سہیل نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کی کمی نے پاکستان کی سری لنکا میں مہم کو نقصان پہنچایا جس کے لیے صرف کپتان نہیں بلکہ پوری ٹیم انتظامیہ بھی برابر کی قصور وار ہے۔

سابق بائیں ہاتھ کے اسٹائلش اوپنر نے ایک نجی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں سری لنکا کے خلاف سپر فور کے اہم میچ میں کامیابی حاصل کرنی چاہیے تھی، اس کے ساتھ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ بھارت نے پورے ایشیا کپ میں شاندار کرکٹ کھیلی اور وہ جیتنے کے مستحق تھے۔ پاکستان کو بڑے مقابلے جیتنے کے لیے صحیح وقت پر حملہ کرنے کا ہنر اور عادت پیدا کرنا چاہیے کیونکہ چوٹ اسی وقت مارنا کارگر ہوتا ہے جب لوہا گرم ہو۔

عامر سہیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے اوپنرز اور اسپنرز ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، جس کے لیے سپورٹ اسٹاف کو ذمے دار ٹھہرایا جانا چاہیے، اسپنرز کو خاص طور پر درمیانی اوورز میں ٹیم کے لیے وکٹیں حاصل کرنی چاہیے تھیں، جو وہ نہیں کر سکے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران زیادہ تر بھارتی پچز پر اسپنرز کا اہم کردار ہوگا، لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے اسپنرز کی بولنگ اور ہمارے بلے بازوں کی مخالف اسپنرز کو ہینڈلز کرنے کی تیکنیک اور کارکردگی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پوزیشن واضح کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو قبل از وقت ٹیم کی قیادت دی گئی تھی لیکن ورلڈ کپ کے لیے بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں، اس مرحلے پر انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں جا سکتا بلکہ انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ تاہم قومی ٹیم میں اوپنرز اور اسپن باؤلنگ وہ شعبے ہیں جن پر پاکستان کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ون ڈے میں پاکستان کو نئے چہروں کی ضرورت ہے اس لیے عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو ضرور شامل کیا جانا چاہیے۔

عامر سہیل نے آؤٹ آف فارم شاداب خان کے حوالے سے کہا کہ لیگ اسپنر کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔ میرے خیال میں شاداب خان گیند کو بہت مضبوطی سے پکڑ رہے ہیں جس سے ان کی کلائی بند ہو جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں وہ اسپن نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاداب خان نے پاکستان کو کافی میچز جتوائے ہوئے ہیں اس لیے انہیں پینک ہوکر جلد بازی میں ورلڈ کپ میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔

اس تمام تر صورتحال کے باوجود عامر سہیل پاکستان کو ورلڈ کپ کی فیورٹس ٹیموں میں شامل رکھتے ہیں جس میں میزبان بھارت کے علاوہ، سری لنکا، انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں