حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں پولیس نے ایک لاکھ 30 ہزار کا لا پتا طوطا آخرکار ڈھونڈ نکالا اور اسے مالک کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے جوبلی ہل اسٹیشن کی حدود میں لاپتا ہونے والے ایک مہنگے طوطے کو پولیس نے ایک دن کے اندر اندر بازیاب کرایا اور اسے اس کے حقیقی مالک کے حوالے کر دیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جوبلی ہلز میں کافی شاپ چلانے والے رہائشی نریندر چاری نے آسٹریلوی نسل کا 4 ماہ کا طوطا 1 لاکھ تیس ہزار روپے میں خریدا تھا، تاہم 22 ستمبر کو خوراک کھلانے کے دوران وہ پنجرے سے اڑ کر چلا گیا۔
نریندر چاری نے 24 ستمبر کو جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی، اور طوطے کی ایک تصویر بھی پولیس کے حوالے کی، پولیس نے یہ تصویر مقامی پرندوں اور جانوروں کے ڈیلرز کو بھیج دی۔
A missing #Parrot has been successfully reunited with its owner, due to the dedicated efforts of the Jubilee Hills Police of #Hyderabad.
The owner had invested a sum of ₹1.30 lakh in acquiring Australian breed parrot Gala as his beloved pet.#pets pic.twitter.com/KQ38RoTMt1
— Surya Reddy (@jsuryareddy) October 3, 2023
رپورٹ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے ایراگڈہ میں اس طوطے کو 30 ہزار میں فروخت کیا ہے، پھر اُس شخص نے ایک اور شخص کو یہ طوطا 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا، اُس شخص نے بھی واٹس ایپ اسٹیٹس پر تصویر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اس طوطے کو 70 ہزار روپے میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔
تاہم جوبلی ہلز میں پالتو جانوروں کی دکان کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دے دی، پولیس نے اس شخص کا پتا چلا کر طوطا قبضے میں لے کر نریندر چاری کے حوالے کر دیا۔