20.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

یوگی ادیتہ ناتھ کی پاکستان سے سندھ واپس لینے کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ادیتہ ناتھ کا پاکستان سے سندھ واپس لینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شری رام کی جنم بھومی پانچ سو برس بعد واپس لی جا سکتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ انڈیا ’سندھو‘ (پاکستان کا صوبہ سندھ) کو واپس نہ لے سکے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوگی ادیتہ ناتھ نے قومی سندھی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایودھیا میں پانچ سو برس بعد شری رام کا ایک بڑا مندر بنایا جا رہا ہے۔ جنوری میں وزیراعظم رام للا کو دوبارہ اپنے مندر میں بٹھائیں گے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اگر رام کی جنم بھومی پانچ سو برس بعد واپس لی جا سکتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم سندھ کو واپس نہ لے سکیں، یوپی کے وزیراعلٰی کے اس خطاب کے بعد آڈیٹوریم میں بھرپور تالیاں بجائی گئیں۔

- Advertisement -

کنونشن سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ تقسیم ہند ہوئی تو لاکھوں افراد کا قتل عام کیا گیا، انڈیا کا ایک بڑا حصہ پاکستان کے نام سے وجود میں آ گیا۔

یو پی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھی کمیونٹی نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا کیونکہ ان کو اپنی سرزمین سے ہاتھ دھونا پڑ گئے، انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں تقسیم ہند کے سانحے کا خمیازہ دہشت گردی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

یوگی ادیتہ ناتھ کا کہنا تھا کہ سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے بعد اس کمیونٹی کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ اُتر پردیش کے انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ کے مسلم دشمن اقدامات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔

گزشتہ سال انہوں نے یو پی میں مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا، جس کے بعد یوپی کے مختلف شہروں سے پچیس ہزار سے زائد لاؤڈ اسپیکر اتار لئے گئے تھے، جبکہ پینتیس ہزار اسپیکر کی آواز کم کرادی گئی تھی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ تمام مذہبی مقامات سے غیر قانونی لاؤڈ اسپیکر کو ہٹایا جائے، تاہم ایکشن صرف مساجد کیخلاف کیا گیا، جس کے باعث مسلمانوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں