بھارت میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت 11 ارکان کا پہلا گروپ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی شروع ہو گئی ہے۔ قومی کپتان بابر اعظم سمیت 11 ارکان کا پہلا گروپ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
کپتان بابر اعظم، افتخار احمد، حارث رؤف، کرکٹ بورڈ کا دیگر عملہ اور ٹیم منیجر دبئی سے بذریعہ نجی ایئر لائن لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں کھلاڑیوں کو ان کی گاڑیوں تک پہنچایا گیا۔
اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مداحوں نے کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ اسکواڈ کا دوسرا دستہ کولکتہ سے روانہ ہوگیا۔ کھلاڑی وایا دبئی مختلف فلائٹس سے آج پاکستان پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی خراب رہی۔ قومی ٹیم نے پہلی بار کسی میگا ایونٹ میں 5 میچ ہارے۔ رواں ٹورنامنٹ میں افغانستان سے شرمناک شکست نے قومی ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی خواہش کو دھچکا پہنچایا اور گرین شرٹس مسلسل تیسرے ایونٹ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔