لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں 6 افراد کے کار حادثے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور تمام آرپی اوزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس کم عمر ڈرائیورز کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔
’6 افراد کی موت ٹریفک حادثہ نہیں قتل ہے‘
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کیلئے بھی خطرات کا سبب بنتے ہیں، کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی بند کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، ہر زندگی قیمتی ہے کمسن ڈرائیور کی ذرا سی غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے۔
یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔