پاکستان کے اہم فاسٹ بولر حارث رؤف کے دورہ آسٹریلیا سے باہر ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔
شان مسعود کی قیادت میں دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس دورہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیا۔ یہ چیف سلیکٹر بننے کے بعد وہاب ریاض کا پہلا اسائنمٹ ہے۔ وہ گزشتہ ہفتے چیف سلیکٹر بنائے گئے تھے۔
وہاب ریاض کا بتانا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے ٹوور سے معذرت کر لی ہے، نسیم شاہ اگلے تین ہفتے میں فٹ ہوں گے جبکہ محمد حسنین کو ایک سے دو ہفتے کا مزید وقت لگے گا۔
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر ، شاہ نواز دہانی، محمد نواز ٹیسٹ کیمپ کو جوائن کریں گے ان کے علاوہ ارشد اقبال اور کاشف علی اضافی فاسٹ بولرز کے طور پر کیمپ میں شامل ہوں گے۔
وہاب نے ایک متاثر کن کھلاڑی کے طور پر رؤف کے کردار پر زور دیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر رؤف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، ان سے توقع تھی کہ وہ روزانہ 10 سے 12 اوورز کرائیں گے تاہم رؤف اس پر راضی نہیں ہوئے۔
چیف سیلکٹر کے بقول وہ ایک متاثر کن کھلاڑی ہے اور ہمیں اسے ٹیسٹ کرکٹ میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے ہم نے ان سے صرف 10 سے 12 اوورز روزانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ بھی کہ انہوں نے حال ہی میں ایک روزہ کرکٹ میں باؤلنگ کی۔ مسئلہ صرف ہمارے باؤلرز کا ہے جو 140+ گیند بازی کر سکتے ہیں وہ اس وقت ان فٹ ہیں لہذا، ایک کھلاڑی کے طور پر آپ کو قربانی دینے کی ضرورت ہے اور آپ کو پیچھے ہٹنے کے بجائے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے دیکھنا ہوگا۔