سرینگری: بھارتی فوج میں اہلکار اور افسران کی خودکشیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ایک اور کیپٹن نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وجی افسر نے شریف آباد کیمپ میں اپنے گھر پر خود پھندا لگا کر خودکشی کی۔ حکام نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا گیا۔
رواں سال جولائی میں کشمیر میڈیا سروس نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی افواج میں ہر تیسرے روز ایک خودکشی جبکہ سالانہ 100 سے زائد خودکشی کے واقعات پیش آتے ہیں جن میں اکثر جموں و کشمیر میں ہوتے ہیں، فوجیوں میں ذہنی دباؤ اور پست ہمت کے باعث خودکشی کے واقعات عام ہوتے جا رہے ہیں۔
اسی ماہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے خودکشی کی تھی۔ 168 بریگیڈ کے سپاہی نے ضلع سانبہ کے فوجی کیمپ میں سرکاری رائفل سے خود کو گولی ماری تھی۔
جائے وقوعہ پر ایک کانسٹیبل کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی اور قریب ہی اس کی سرکاری رائفل بھی موجود تھی۔ واقعے کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کانسٹیبل نے نامعلوم وجوہات کے باعث خودکشی کی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
سال 2001 سے اب تک مختلف واقعات میں 3300 سے زائد بھارتی فوجی خودکشی کر چکے ہیں۔ صرف پچھلے 5 سالوں میں 800 سے زائد بھارتی جوانوں نے بالا افسران کے رویے سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔