پشاور: سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔
نور عالم خان آج پریس کانفرنس میں جے یو آئی (ف) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ جے یو آئی ف کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان آج شام ان کے گھر جائیں گے۔
سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جے یو آئی (ف) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
علاوہ ازیں، اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ سابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کسی سے پیسے نہیں لیے تھے البتہ سیاسی آفرز ہوئی تھیں۔
متعلقہ: راجہ ریاض، نور عالم خان سمیت مزید 13 رہنما پی ٹی آئی سے بے دخل
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم نے آئندہ انتخابات میں میرے خلاف امیدوار نہ لانے کی پیشکش کی تھی، میں نے تو ان میں سے کسی کا کبھی اعتبار نہیں کیا، پی ٹی آئی کی جانب سے بھی کہا گیا واپس آ جاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی گالم گلوچ بریگیڈ ہے اس لیے ان کی طرف سے تو الیکشن نہیں لڑ سکتا، پہلے سال ہی قسم کھالی تھی چاہے ایک ووٹ لوں لیکن پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں لوں گا۔
اپنی گفتگو میں نور عالم خان نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہو تو کیا میں اس کا حصہ بنوں؟ سندھ ہاؤس نہیں جانا چاہتا تھا لیکن نواب شیروسیر اور دوستوں کے کہنے پر گیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ یا کسی اور نے کچھ نہیں کہا، لاڈلے وہ ہوتے ہیں جو جیلوں میں دیسی مرغ کھاتے اور ورزش کی مشینیں لگواتے ہیں۔