ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

راجہ ریاض، نور عالم خان سمیت مزید 13 رہنما پی ٹی آئی سے بے دخل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے راجہ ریاض اور نور عالم خان سمیت مزید 13 رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا۔

پی ٹی آئی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 13 ارکان کو پارٹی سے نکالا۔ بے دخل کیے گئے رہنماؤں میں راجہ ریاض، نور عالم خان، رانا قاسم نون، رمیش کمار، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر اور ریاض محمود مزاری شامل ہیں۔

نواب شیر، مخدوم باسط احمد سلطان، افضل خان ڈھانڈلہ، محمد عبدالغفار وٹو، عامر طلال گوپانگ اور احمد حسین دہر کو بھی پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا۔

- Advertisement -

علاوہ ازیں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی نے ملک شوکت علی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔

راجہ ریاض اس وقت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جبکہ نور عالم خان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین ہیں۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور خسرو بختیار سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 22 رہنماؤں کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کی تھی۔

اس سے قبل پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کی تھی۔ پی ٹی آئی نے 21 جون 2023 کو پرویز خٹک کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا جواب نہ دینے پر ان کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی۔

9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد پرویز خٹک منظر عام سے غائب ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے یکم جون کو صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی دنوں سے سیاسی حالات دیکھ رہا تھا اور اب سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ قابلِ مذمت ہے، ایسے واقعات کی پہلے بھی مذمت کر چکا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، 9 مئی کے واقعات سے کوئی بھی شخص خوش نہیں ہے، ملک میں سیاسی ماحول بہت خراب ہے، ایسے ماحول میں میرا چلنا مشکل ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس میں لکھا تھا کہ آپ نے پارٹی اراکین سے روابط قائم کر کے انہیں جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسایا لہٰذا 7 روز کے اندر اس کا جواب دیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں