پاکستان کے عامر جمال نے سڈنی ٹیسٹ میں نویں نمبر پر 82 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر قومی ٹیم کو مشکل سے نکالا ان کی اس کارکردگی سے بھارتی کمنٹیٹر بھی حیران رہ گئے۔
معروف بھارتی کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور مشکل ترین صورتحال میں نویں نمبر پر 82 رنز کی قیمتی اننگ کھیلنے والے عامر جمال کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے اور ان کی اننگ کو سنسنی خیز قرار دے دیا۔
ہرشا بھوگلے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر عامر جمال کی توصیف کرتے ہوئے لکھا کہ میرا نہیں خیال کہ اتنی سنسنی خیز اننگ کھیلنے کے بعد وہ زیادہ نویں نمبر پر بیٹنگ کر پائیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بیٹنگ میں اس کی (عامر جمال) مہارت کی تعریف کرنا پڑے گی، یہ وہی عزم ہے جو شائقین اپنی ٹیم سے چاہتے ہوں گے۔
I don't think Aamer Jamal will bat at no 9 too many more times in his career. Got to admire his pluck but also his skill. This determination is what the fans would have wanted to see from their team.
— Harsha Bhogle (@bhogleharsha) January 3, 2024
واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز جب قومی ٹیم کے بڑے بڑے بیٹر ناکام رہے اور 96 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ چکی تھی تو اس وقت وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے آغا سلمان کے ہمراہ اننگ کو سہارا دیا اور نصف سنچریاں اسکور کیں۔
تاہم ان دونوں کے اوپر تلے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے 9 کھلاڑی 227 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے ایسے وقت میں عامر جمال اور میر حمزہ ڈٹ گئے اور پاکستان ٹیم 313 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
ویڈیو: عامر جمال کا ریورس سوئپ پر شاندار چھکا، دیکھنے والے بھی دنگ
عامر جمال کی بیٹنگ اور میدان میں چاروں طرف مارے گئے شاندار اسٹروکس سے اسٹیڈیم میں بیٹھے شائقین بھی محظوظ ہوئے اور ہر اچھے شاٹ پر انہیں تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔ دونوں نے مل کر آخری وکٹ کے لیے 86 قیمتی رنز جوڑے۔ اس دوران عامر جمال نے پہلی نصف سنچری بنائی اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔