مائیکرو سافٹ نے ونڈوز ’کی بورڈ‘ میں نیا حیرت انگیز بٹن متعارف کروا دیا، یہ تقریباً تین دہائیوں بعد اس ڈیوائس میں پہلی تبدیلی ہے۔
کی بورڈ میں ’کو پائیلٹ بٹن‘ کے اضافے کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ اپنی مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے مائیکرو سوفٹ کمپنی اس وقت آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔
ٹیکنالوجیکل کمپنی کی جانب سے کو پائیلٹ سروس کی فراہمی کے لیے نئے بٹن کا اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپیوٹرز کے لیے کتنے واضح عزائم رکھتی ہے۔
یہ مشینیں جدید ترین چپس پر کام کرتی ہیں جو بڑی لینگویج کے ماڈلز اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی ایپس کو کلاؤڈ کے بجائے براہ راست ڈیوائس پر چلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پی سیز کے متعارف ہونے سے پرسنل کمپیوٹر مارکیٹ کو دوبارہ سے ٹریک پر وآپس آسکتی ہے جو کورونا کے وبائی مرض کے بعد سے ابتر صورتحال کا شکار ہے۔
تحقیقی فرم کینالائز کو توقع ہے کہ کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی صلاحیتوں کے حامل پی سیز کی طلب 2025 کے بعد کافی بڑھ جائے گی۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بٹن کچھ نئے ونڈوز 11 پی سیز کے کی بورڈ میں موجود ہوگا جبکہ اس مہینے کے آخر میں لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے سی ای ایس ٹیکنالوجی ٹریڈ شو میں بھی اس بٹن کے حامل کی بورڈ کو پیش کیا جائے گا۔