جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

لکڑی خریدنے نکلے تاجر کو پولیس اہلکاروں نے لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر لوٹ لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں پولیس اہلکار ڈاکو بن گئے، ایک تاجر کو پکڑ کر لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر ان سے 2 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق لکڑی خریدنے نکلے تاجر کو پولیس اہلکاروں نے لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر لوٹ لیا، اور ان سے دو لاکھ سے زائد روپے چھین لیے، واقعے کا مقدمہ تھانہ نیپئر میں درج کر لیا گیا ہے۔

تاجر حسان نفیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ وہ لیاقت آباد سے موٹر سائیکل پر لکڑی خریدنے ٹمبر مارکیٹ آ رہے تھے کہ لیاری میں جمیلہ اسٹریٹ پر 2 پولیس اہلکاروں نے انھیں روک لیا۔

انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے کاغذات نہ ہونے پر ایک اہلکار ان کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ گیا اور دوسرے اہلکار نے ان کے ملازم کو اپنی موٹر سائیکل پر بٹھا لیا، اور پھر لیاری ایکسپریس وے لے جا کر اہلکاروں نے ان کی جیب سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے اور ملازم کی جیب سے 63 ہزار روپے نکال لیے۔

تاجر کے مطابق جب پولیس اہلکاروں سے پیسے واپس مانگے گئے تو انھوں نے اسلحہ دکھا کر تاجر کو دھمکی دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی نشان دہی ابھی نہیں ہوئی ہے، تاہم اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں