سعودی عرب کے شہر جدہ میں دنیا کے سب سے بلند ٹاور کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے ٹھیکوں کے لیے بولی شروع ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے جدہ اکنامک کمپنی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جدہ شہر میں دنیا کے سب سے بلند ٹاور کی تعمیر کا کام جلد دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تعمیراتی ٹھیکے لیے بولی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ بولی فروری تک جاری رہے گی۔ اس کی تعمیر کے لیے متعدد ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اشتراک سے ٹاور کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جدہ میں ایک ہزار میٹر بلند دنیا کا طویل ترین ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے جو اب تک دنیا کی بلند ترین عمارت دبئی کے برج خلیفہ سے بھی 172 میٹر بلند ہوگا اور اس کی چوٹی دنیا کی بلند ترین عمارت کی چوٹی مانی جائے گی۔
یہ ٹاور ڈیڑھ کلو میٹر کے رقبے پر تعمیر ہوگا جس میں متعدد دفاتر اور عالمی فوڈ چین ریسٹورینٹ ہوں گے۔