وینزویلا:مختلف اقسام کی مشینری، آلات، موبائل پر سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز کے بارے میں تو سنا ہوگا لیکن لاطینی امریکا کی شمالی ریاست وینزویلا کے ایک ایئرپورٹ پر مسافروں سے سانس لینے پر بھی ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے شہر ماکویتیا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے مسافروں سے ٹیکس، اضافی ٹیکس اور ایندھن سمیت مختلف محصولات کے علاوہ اب مسافروں سے سانس لینے پر بھی 20 امریکی ڈالر وصول کئے جارہے ہیں۔
وینزویلا حکام کے اس فیصلے پر عوام نے سوشل میڈیا پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی ہم فضائی سفر کرتے ہیں تو ہمیں نہ ختم ہونے والے ٹیکس اور اضافی سرچارجز ادا کرنے پڑتے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت نے ٹیکس کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔
وینزویلا کے حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے ایئر کنڈیشنگ سسٹم پر آنے والی لاگت کو پورا کرنے کے لیے وہاں آنے والے مسافروں پر اوزون ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے، جس کے تحت ان سے 20 امریکی ڈالر وصول کئے جارہے ہیں۔