ایران سعودی عرب تعلقات بحالی کے بعد ایک اور اچھی خبر سامنے آگئی، ایران نے سعودی شہریوں کو پیشگی ویزا لینے سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیصلے پر عملدر آمد شروع کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان مزید قربتیں پیدا کرنے کا سبب بنے گا۔
واضح رہے کہ ایران نے دسمبر میں سعودی عرب سمیت 28 دیگر ملکوں کے شہریوں کو پیشگی ویزہ سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
فضائی راستے سے آنے والے سعودی سیاحوں کو ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم بری راستوں سے آنے والے سیاحوں پر یہ فیصلہ نافذ نہیں ہوگا۔
ایرانی وزیر سیاحت عزت اللہ ضرغامی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران نے سعودی عرب کے علاوہ انڈیا، بحرین، قطر، کویت،روس، امارات، لبنان، تیونس اور برازیل کے علاوہ دیگر ممالک کے شہریوں کو ویزے سے یکطرفہ استثنیٰ دے دیا ہے۔
دوسری جانب کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے کویت کے لیے مختلف زمروں کے وزٹ ویزوں کو دوبارہ متعارف کرانے کے امکان پر غور شروع کردیا ہے، ان میں کمرشل، سیاحتی اور فیملی وزٹ ویزا شامل ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ غور و فکر شیخ فہد الیوسف، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع، اور قائم مقام وزیر داخلہ کی طرف سے تازہ ترین شرائط اور ضوابط کے ساتھ فیملی / ڈیپنڈنٹ ویزا کو دوبارہ کھولنے کے لیے کیے گئے حالیہ فیصلے کے ردعمل میں کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کی سربراہی عزت مآب شیخ محمد الصباح کر رہے ہیں، تاکہ کویت کی سیاحت کو بحال کیا جا سکے، جو کئی سالوں سے روکے ہوئے ہے۔ جبکہ یہ اقدام نئی حکومت کے وژن کے مطابق ہے۔
عراق سے 50 ہزار عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ گئے
اپنے معاشی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں، نئی انتظامیہ ملک کے اندر کاروباری کارروائیوں کو متحرک کرنے کے لئے اقدامات میں مصروف عمل ہے، متنوع شعبوں میں فائدہ مند اثرات کا اندازہ لگارہی ہے۔