غزہ میں اسرائیلی جارحیت تھمنے کا نام نہیں لے رہی، مزید 67 فلسطینی شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید سڑسٹھ فلسطینی شہید ہو گئے، حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بمباری میں مزید 3 اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق نصیرات کیمپ پر صہیونی فوج کی بمباری میں 5 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ غزہ میں زمینی لڑائی کے دوران 3 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو گئے ہیں، غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 28,340 فلسطینی شہید اور 67,984 زخمی ہو چکے ہیں۔
رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں
اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح کو نیا ہدف بنا لیا ہے، فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائی کی بھی تیاری کر لی ہے، رفح میں بے گھر فلسطینی بڑی تعداد موجود ہیں، جن پر اسرائیلی فوج بم برسا رہی ہے۔