انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق ون ڈے میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کے شبھمن گل اور ویرات کوہلی دوسرے، تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کا پہلا نمبر ہے اور آل راؤنڈر میں افغانستان کے محمد نبی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا، پاکستان کے محمد رضوان کا دوسرا اور بابر اعظم کا تیسرا نمبر ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی بولرزمیں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر جب کہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
رینکنگ میں پاکستان کے بابراعظم 5 ویں نمبر پر موجود ہیں، بھارت کے یشسی جیسوال 2 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آگئے ہیں، روہت شرما دو درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔