ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی کا آصفہ بھٹو کو ضمنی الیکشن لڑانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے بی بی آصفہ بھٹو کو ضمنی الیکشن لڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے، آصفہ بھٹو قومی اسمبلی کے لیے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گی۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آصفہ بھٹو، آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد شہید بینظیر آباد سے خالی کردہ نشست این اے 207 پر پیپلز پارٹی کی نامزد امیدوار ہوں گی، آصفہ بھٹو کے لیے حلقہ انتخاب کا فیصلہ فیملی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

آصفہ بھٹو کے لیے بلاول بھٹو کی خالی کردہ قمبر شہداد کوٹ کا حلقہ بھی زیر غور آیا تاہم مشاورت کے بعد آصفہ بھٹو کو شہید بینظیر آباد سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا، این اے 207 شہید بینظیر آباد زرداری خاندان کی آبائی نشست ہے اور اس حلقے سے پیپلز پارٹی ہمیشہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی رہی ہے۔

- Advertisement -

اس حلقے سے آصف زرداری لگاتار دو بار جب کہ ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عذرا پیچوہو تین بار کامیاب ہو چکی ہیں، ڈاکٹر عذرا پیچوہو 2002، 08 اور 13 کے الیکشن میں کامیاب ہوئی تھیں جب کہ صدر مملکت آصف زرداری 2018 اور 24 کے الیکشن میں کامیاب قرار پائے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری خاندان نے طویل مشاورت کے بعد آصفہ بھٹو کو میدان سیاست میں اتارنے کی متفقہ طور پر حمایت کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ متفقہ ہے، آصفہ بھٹو کو جنرل سیٹ پر الیکشن لڑ کر پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

آصفہ بھٹو نے گزشتہ الیکشن میں ٹنڈو اللہ یار سے حصہ لینا تھا تاہم مشاورت کے بعد انھیں ضمنی الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بی بی آصفہ بھٹو خاندان سے بیگم نصرت بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے بعد تیسری خاتون ہوں گی جو جنرل سیٹ پر کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گی۔

Comments

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں