ملتان سلطانز نے مسلسل چوتھی بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تاہم ملتان کے کپتان سلطانز ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہین۔
ملتان سلطانز ایک بار پی ایس ایل کی فاتح اور مسلسل چوتھی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیم ہے تاہم بدقسمتی سے محمد رضوان دوسری بار ٹرافی اٹھانے میں ناکام رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت اپنے نام کی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اسلام آباد نے ہم سے اچھا کھیلا اس لیے وہ چیمپئن بنے، عماد وسیم نے اپنی بولنگ سے میچ یکطرفہ بنا دیا تھا۔
محمد رضوان پی ایس ایل 9 میں مجموعی طور پر 13 میچز میں 407 رنز بنا کر ٹاپ تھری بیٹر میں شامل ہیں تاہم وہ اپنی اس کارکردگی سے خوش نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی پرفارمنس سے مطمئن نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محمد رضوان پی ایس ایل کے تین سیزن میں 500 سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ بابر اعظم بھی ان کے اس ریکارڈ میں شریک ہیں جنہوں نے رواں سیزن میں سب سے زیادہ 569 رنز بنائے ہیں۔