اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس افسران کے معاملے میں وزیراعظم شہباز شریف مزید متحرک ہوگئے، وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی، ان لینڈ ریونیو کے 12 افسران اوایس ڈی بننے کے بعد مزید بائیس افسران تبدیل کردئیے گئے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسٹم گروپ کے گریڈ 22 اور 21 کے 14 افسران بھی تبدیل کردئیے گئے، ان لینڈ ریونیو کے گریڈ 22 کے ندیم رضوی ڈی جی سروس اکیڈمی لاہور اور گریڈ 21 کی آمنہ حسن ڈائریکٹر انسداد بے نامی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے احمدشجاع خان کو ممبر آڈٹ کے عہدے سے ہٹا کر سعدیہ صدف کوممبر آڈٹ بنادیا گیا، گریڈ 21 کے عابد رضا، ڈاکٹر سرمد، فاروق اعظم، امتیاز سولنگی، عابد محمود اور طارق ارباب کے بھی تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر اصلاحات کی فوری نفاذکی ہدایات جاری کی تھیں۔