پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

’نریندر مودی کے نام کا باب ختم ہونے جا رہا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

نئی وہلی: بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی سیاست میں نریندر مودی کے نام کا باب ختم ہونے جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھا الیکشن 2024 کا چوتھے مرحلے کیلیے پولنگ جاری ہے اور آج نریندر مودی نے وارانسی کی پارلیمانی نشست کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس پر سنجے راؤت نے سخت ردعمل دیا۔

سنجے راؤت نے کہا کہ جب بھی کسی رہنما کی سیاست کا آخری وقت آتا ہے تو بہت سے لوگ جمع ہوتے ہیں، یہ کاغذات نامزدگی مودی کی زندگی کی آخری نامزدگی ہوگی۔

- Advertisement -

ہندو انتہا پسند جماعت کے رہنما نے کہا کہ یہ نریندر مودی کا آخری الیکشن ہے، اس بار انہیں وارانسی میں جیت کیلیے بہت جدوجہد کرنا پڑے گی۔

انہوں نے یہ بھی پیشگوئی کی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا الیکشن میں 200 سے زیادہ نشستیں نہیں لے سکے گی۔

خیال رہے کہ نریندر مودی اس سے قبل 2014 اور 2019 کے الیکشن میں بھی اس نشست سے کامیاب ہو کر بھارت کے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

نریندر مودی کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کافی تنقید کا سامنا ہے۔ اس سے قبل کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا تھا کہ میری گارنٹی ہے کہ نریندر مودی دوبارہ بھارت کے وزیر اعظم نہیں ہوں گے۔

ایک ریلی سے خطاب میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اس بار بی جے پی کی حکومت گرنا یقینی ہے کیونکہ یہ لوگوں سے جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بن گئے تو وہ ملکی آئین ختم کر دیں گے۔

کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ مودی صرف اڈانی اور امبانی کیلیے کام کرتے ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں، اگر ہم اقتدار میں آئے تو صرف عوام کیلیے کام کریں گے۔ راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ خواتین کو ماہانہ فی کس 8 ہزار روپے دیں گے۔

اپنے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا تھا کہ اس انتخابات میں بی جے پی کو ریکارڈ شکست ہوگی، انہوں نے میڈیا کو کنٹرول کر رکھا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں