سال 1986 کے چیمپئن کپتان ارجنٹینا کے آنجہانی لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی چوری شدہ گولڈن بال کو نیلا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ارجنٹینا کے آنجہانی لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا جنہوں نے 1986 میں بطور کپتان اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنایا تھا اور میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی پر انہیں ورلڈ چیمپئن ٹرافی کے ساتھ بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتنے پر گولڈن بال دی گئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیجنڈری فٹبالر کی یہ گولڈن بال ٹرافی جو کئی دہائیوں سے متنازع حالات مین لاپتہ ہو گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق گولڈن بال ٹرافی پیرس میں میرا ڈونا کو دی گئی تھی جو غائب ہونے سے قبل ایک نیلامی کے کمرے میں کئی ٹرافیوں کے درمیان دوبارہ دکھائی دی تھی اور محققین نے تحقیق کے بعد اس کے میراڈونا کی گولڈن بال ٹرافی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اس حوالے سے مشہور کہانی کے مطابق اس گولڈن بال ٹرافی کو مافیا نے اس وقت چوری کر لیا تھا جب میراڈونا اطالوی ٹیم ناپولی کے لیے کھیل رہے تھے جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ پوکر گیم کے دوران کھوئی یا پھر میراڈونا کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے سے گم کیا گیا۔
آئندہ ماہ جون میں فرانس میں ہونے والی نیلامی میں اس کے لاکھوں ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 1986 کے عالمی کپ میں ارجنٹینا سپر اسٹار میراڈونا کی جرسی 2022 میں 9.3 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی تھی جس نے کھیلوں کی یادگاری اشیا کی نیلامی کا ریکارڈ توڑ دیا تھا جب کہ انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل کی ’’ہینڈ آف گاڈ‘‘ گیند بھی 2.4 ملین دالر میں فروخت ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ارجنٹینا کے سابق چیمپئن کپتان میراڈونا کا 2020 میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث 60 برس کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔