بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے آئی پی ایل 2024 میں اتنے ریکارڈ بنا ڈالے کہ وہ ریکارڈز کی بارش میں نہا گئے۔
بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی جنہوں نے عالمی سطح پر بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔ ان دنوں آئی پی ایل 2024 میں زبردست فارم میں ہیں اور لیگ کے کئی اہم ریکارڈز بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔
حال ہی میں ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں وہ صرف تین رنز کی کمی سے نصف سنچری تو مکمل نہ کر سکے لیکن اس اسٹیڈیم میں 3 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا اور یوں وہ کسی ایک اسٹیڈیم میں تین ہزار رنز بنانے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے۔
ویرات آئی پی ایل 2024 کے رواں سیزن میں رنز بنانے والوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں جنہوں نے 155.6 کے اسٹرائیک ریٹ سے 708 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
کوہلی آئی پی ایل کے کسی ایک سیزن میں 700 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں جب کہ اس ریکارڈ میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی برابری کر لی ہے جنہوں نے آئی پی ایل کے دو سیزن میں 700 پلس اسکور کیا ہوا ہے۔
انہوں نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں 37 چھکے لگائے ہیں۔ یہ اس سیزن میں کسی بھی بلے باز کا سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر نکولس پورن ہیں جنہوں نے 36 چھکے لگا رکھے ہیں جبکہ ابھیشیک شرما نے 35 چھکے جڑے ہیں۔