کراچی : کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، جس میں جھونپڑی میں کون رہائشی؟ کون رشتہ دار کون مہمان؟ سب بتاناہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا اہم قدم اٹھاتے ہوئے کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔
ایسٹ پولیس کی نفری جمالی پل اور اطراف میں پہنچ گئی، جس میں انٹیلجنس افسران اور ٹیکنیکل عملہ بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے پراجیکٹ کے انچارج ڈی ایس پی احمد اقبال کا کہنا ہے کہ ہرجھونپڑی کو نمبرالاٹ کرکے جیوٹیگنگ کی جارہی ہے، پراجیکٹ کا جمالی پل سے آغازکا مقصد جمالی پل ہاٹ اسپاٹ ایریا ہے، جہاں جرائم کی وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں۔
احمد اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ واردات کے بعد اکثر ملزمان جھونپڑیوں کی جانب فرار ہوجاتے، پناہ لیتے یا کئی جرائم پیشہ عناصر کا تعلق ہی جھونپڑ پٹی سے ہوتا تھا۔
پراجیکٹ کے انچارج نے بتایا کہ رجسٹریشن پراسیس کے دوران جھونپٹری میں موجود تمام افراد چاہے بچہ ہو یا بڑا گھر کا فرد ہو رشتہ دار یا مہمان اب سب سے پرفارمہ پر کروایا جائے گا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ تلاش ڈیوائس کے ذریعے ان فنگرپرنٹ لیے جائیں گے اور دستاویزات مکمل ہونے کے بعد ہر جھونپڑی کو ایک نمبر الاٹ کرکے جیوٹیگ کردیا جائے گا، تلاش ڈیوائس کے ذریعے ایک ایک شخص کو چیک کیا جائے گا کہ جھونپڑی میں کون رہائشی؟ کون رشتہ دار کون مہمان؟ سب بتاناہوگا۔
ڈی ایس پی کے مطابق کرمنلز کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے گھیرا تنگ کیا جائے گا واردات کے بعد یہ پتہ چل سکے گا کہ ملزمان کب کہاں سے ا?ئے؟ کہاں گئے؟ کس نے پناہ دی پھر اس ڈیٹا کو جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے یقینی طور پر جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوسکے گی۔